۴ آذر ۱۴۰۳ |۲۲ جمادی‌الاول ۱۴۴۶ | Nov 24, 2024
ابیجیت بنرجی

حوزہ/گزشتہ سال اکانومی نوبل انعام حاصل کرنے والے ابھیجیت بنرجی نے کلکتہ میں منعقد کل شام ایک تقریب میں کہا کہ ہندوستان میں اقلیتیں اسی طرح ہیں جس طریقے سے امریکہ میں ہیں۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق گزشتہ سال اکانوی نوبل انعام حاصل کرنے والے ابھیجیت بنرجی نے کلکتہ میں منعقد کل شام ایک تقریب میں کہا کہ ہندوستان میں اقلیتیں اسی طرح ہیں جس طریقے سے امریکہ میں ہیں اور دنیا کے کسی بھی ملک میں اقلیت نظام پر حاوی ہونے کی پوزیشن میں نہیں ہے۔

بنرجی نے کہا کہ ہندوستان اور امریکہ کے کچھ حصے میں اقلیتوں کو علمی اور معاشی اعتبارسے محروم کیا گیا ہے۔ 10 دسمبر کو نوبل انعام حاصل کرنے کے بعد پہلی مرتبہ ابھیجیت عوامی طور پر اپنے آبائی شہر میں ایک مجمع سے خطاب کررہے تھے۔ بنرجی آبادی میں ایک دوسرے کے خوف کے موضوع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یہ خوف پیدا کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔

ابھیجیت بنرجی نے کہا کہ حکمراں جماعت کے لوگ بھی مسلمانوں کی آبادی کی شرح میں تبدیلی کا خوف دیکھارہے ہیں۔ یہ صرف آبادی کو متاثر کرنے کے علاوہ کچھ بھی نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس کیلئے کوئی دلیل اور ثبوت ان کے پاس نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ مسلمانوں کا ہندوستانی نظام پر حاوی ہو جانے کا خوف بے بنیاد ہے اور اندیشہائے دور دراز کے علاوہ کچھ بھی نہیں ہے۔

بنرجی نے سیاست میں غیر جانبدارانہ رویہ پر زور دیتے ہوئے کہا کہ میں کسی بھی سیاسی جماعت سے وابستہ نہیں ہونا چاہتا ہوں بلکہ میں اپنی خدمات کسی کو بھی پیش کرنے کے لیے تیار ہوں- بنرجی نے کہا کہ ملک کی موجودہ سیاست میں غیر جانبداری کا رجحان کم ہوا ہے مگر کسی کو بھی یہ نہیں سوچنا چاہیے کہ میں کسی کا دشمن ہوں۔ میں سماج و معاشرہ کی فلاح و بہبود کیلئے اپنی خدمات پیش کرنے کو تیار ہوں۔

تبصرہ ارسال

You are replying to: .